نئی دہلی، 21مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے دو سگے بھائیوں کے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہونے کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور مرکزی حکومت سے ان دونوں کے ساتھ ہی وہاں پھنسے ہوئے ملک کے دیگر 12نوجوانوں کی فوری طور پر وطن واپسی کے لئے اقدامات کرنے کی مانگ کی گئی۔بی جے پی کے اشونی کمار چوبے نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ بہار کے سرسینا غازی پور علاقے میں انسانی اسمگلر سرگرم ہیں اور انہیں انسانی اسمگلروں کے چنگل میں پھنس کر دو سگے بھائی نریندر سنگھ اور دھرمیندر سنگھ دو سال کے لئے کام کرنے سعودی عرب گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ تین سال گزر جانے کے باوجود یہ دونوں بھائی ملک واپس نہیں لوٹے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ وہاں ان کے آجر نے ان کے پاسپورٹ چھین لئے ہیں۔چوبے نے کہا کہ اسی طرح ملک کی دیگر ریاستوں کے بھی قریب 12لوگ وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔بی جے پی رکن نے کہا کہ یہ لوگ وہاں فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں وزارت خارجہ کے حکام سے بھی بات کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ہی ان تمام لوگوں کو جلد سے جلد ملک واپس لانے کے لئے حکومت کی طرف سے قدم اٹھانے کی مانگ کی۔